وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ایم ڈی احمد عثمان جاوید کی زیر نگرانی لاہور کی اہم شاہراہوں پر خوبصورت کٹ آؤٹس آویزاں، لبرٹی، مال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت شہر کی اہم شاہراہیں شامل ،ایس ایم ڈیز پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے والی ویڈیوز بھی نشر
لاہور(میٹروپولیٹن نیوز) یومِ دفاعِ پاکستان 6 ستمبر کے موقع پر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی جانب سے دفاعِ وطن کے عظیم ہیروز، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے لاہور کی اہم شاہراہوں کو خوبصورت کٹ آؤٹس اور خصوصی تشہیری مواد سے سجایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ایم ڈی احمد عثمان جاوید کی زیر نگرانی شہر کے مختلف اہم مقامات بالخصوص لبرٹی، مال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت دیگر شاہراہوں پر قومی جذبے اور حب الوطنی کی عکاسی کرنے والے کٹ آؤٹس آویزاں کیے گئے ہیں۔کٹ آؤٹس پر چیف آف ڈیفنس فورسز، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان سمیت دفاعِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی تصاویر نمایاں کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی دفاع میں استعمال ہونے والے لڑاکا طیاروں اور ٹینکوں کے ماڈلز بھی خصوصی طور پر شامل کیے گئے ہیں۔شہر کی اہم شاہراہوں پر نصب ایس ایم ڈیز کے ذریعے بھی مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے والی خصوصی ویڈیوز نشر کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پرایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور بہادر غازیوں کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔




