لاہور: (میٹروپولیٹن نیوز) 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر لاہور ٹاؤن ہال میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور، پاکستان نیوی اور ایئر فورس کے اعلیٰ افسران سمیت سول و عسکری اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔


تقریب کا باقاعدہ آغاز مارچ پاسٹ اور پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد میں خصوصی پرفارمنسز، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے گئے کمشنر لاہور نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کے مضبوط دفاع اور بہادروں کا دن ہے۔ باوقار اقوام اپنے ہیروز کی قربانیوں کو مشعلِ راہ بناتی ہیں۔ 1965ء کی جنگ میں افواجِ پاکستان اور شہریوں کی بہادری پر لاہور کی فضائیں آج بھی گواہ ہیں اور “ہلالِ استقلال” کا پرچم ہماری عظیم شجاعت کا نشان ہے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے 1965ء کے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بہادر سپاہیوں نے جانیں نذر کر کے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس جذبے کو مشعلِ راہ بنا کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ بچوں نے یومِ دفاع کی مناسبت سے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کر کے تقریب میں سماں باندھ دیا۔ تقریب میں چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف، ایم او پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن، ایم او ریگولیشن جواد الحسن گوندل، سی او ایجوکیشن لاہور، وقاص اصغر، شہزاد رسول اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



