لاہور (میٹروپولیٹن نیوز) ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر راؤ کی زیرِ صدارت ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کے تمام علاقوں میں موجود سی کلاس پارکوں میں عدم دستیاب سہولیات کی تفصیلات طلب کر لی گئیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور کے پارکوں کی اپ گریڈیشن کے لیے جامع پلاننگ کا آغاز کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مینجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر پارکوں میں دستیاب اور عدم دستیاب سہولیات کی تفصیلات جمع کرنے کے لیے متعلقہ ڈائریکٹرز کو پرفارما جاری کر دیے گئے۔ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر راؤ نے ہدایت کی کہ تمام ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز دو ہفتوں کے اندر سی کلاس پارکوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔پرفارما میں پارکوں کے کل رقبے، چار دیواری، واک ویز، جاگنگ ٹریکس، لائٹس، بچوں کے جھولوں، فلاور بیلٹس، گھاس کے لان اور درختوں سے متعلق تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ پارکوں میں واش رومز، پینے کے صاف پانی، جم اور دیگر بنیادی و تفریحی سہولیات کی دستیابی یا عدم دستیابی سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر سی کلاس پارکوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے لیے ضروری اقدامات اور ترجیحات طے کی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو پارکوں میں مزید بہتر، معیاری اور سہل تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں

لاہور: ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر راؤ ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔