لاہور کی خوبصورتی کے دو ارب روپے کے منصوبے ڈراپ بادامی باغ جنرل بس اسٹینڈ کو عالمی معیار کا ٹرمینل بنانے کا خواب بھی ادھورا
بیوٹیفکیشن کے پانچ منصوبوں کے فنڈز روک لیے گئے، جدید بس ٹرمینل کا منصوبہ قصہ پارینہ بن گیا
رپورٹ: عامر اقبال بٹ
لاہور: شہر کی خوبصورتی، جدید سہولیات اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بلدیہ عظمیٰ لاہور (ایم سی ایل) کے تقریباً دو ارب روپے مالیت کے بیوٹیفکیشن منصوبے ڈراپ کر دیے گئے، جبکہ خوبصورتی کے پانچ اہم منصوبوں کے لیے فنڈز بھی روک لیے گئے۔ دوسری جانب بادامی باغ جنرل بس اسٹینڈ کو بین الاقوامی معیار کا جدید بس ٹرمینل بنانے کا منصوبہ بھی حکومتی عدم توجہی کے باعث قصہ پارینہ بن گیا۔پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور کے جنرل بس اسٹینڈ بادامی باغ کی اپ گریڈیشن، ری ماڈلنگ اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا تھا، جو تقریباً 280 کنال رقبے پر محیط تھا۔ منصوبے میں جدید ٹرمینل بلڈنگ، کمرشل عمارتیں، بازار، اضافی پارکنگ بے، پارکنگ پلازہ، مسافروں کے لیے انتظار گاہیں، ٹکٹ کاؤنٹرز، واش رومز، پیٹرول پمپ اور جدید انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) نظام کی تنصیب شامل تھی ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی ادائیگیوں کے لیے صرف دو ارب 80 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ علامہ اقبال زون کے لیے 60 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ بادامی باغ جنرل بس اسٹینڈ کو بین الاقوامی معیار کا جدید بس ٹرمینل بنانے کا منصوبہ سابق کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے خصوصی دلچسپی اور محنت سے تیار کیا تھا۔ تاہم، منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے نظر انداز کر دیا گیا، جس کے باعث لاہور کے شہریوں اور دوسرے شہروں سے آنے جانے والے مسافروں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا دوسری جانب پشاور میں بین الاقوامی معیار کے جدید بس ٹرمینل کی تعمیر تکمیل کے قریب پہنچ چکی ہے، جبکہ لاہور جیسا بڑا شہر آج بھی ایک جدید اور منظم بس ٹرمینل سے محروم ہے۔ یہ صورتحال شہری منصوبہ بندی اور ترقیاتی ترجیحات پر کئی سوالات اٹھاتی ہے۔لاہور میں اس سے قبل مثالی بیوروکریٹ نسیم صادق نے بھی بطور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور جنرل بس اسٹینڈ کی خوبصورتی اور اسے جدید ٹرمینل میں تبدیل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات شروع کیے تھے، تاہم انہیں چند ماہ سے زیادہ کام کرنے کا موقع نہ مل سکا۔ ان کے دور میں شروع کیے گئے متعدد اقدامات بعد میں آنے والے افسران کی عدم دلچسپی کے باعث آگے نہ بڑھ سکے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایل ڈی اے پلازہ آتشزدگی کے واقعے، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور اہم سرکاری ریکارڈ کے خاکستر ہونے سے متعلق انکوائری میں ذمہ داران کا تعین اور اصل حقائق سامنے آنے کی توقع تھی۔ بعض حلقوں کے مطابق اس انکوائری کے معاملے نے نسیم صادق کی تبدیلی میں بھی کردار ادا کیا، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق ضروری ہے۔جنرل بس اسٹینڈ بادامی باغ میں نسیم صادق کے دور میں شروع کیے گئے ترقیاتی اور خوبصورتی کے کام بعد ازاں سرد خانے کی نذر ہو گئے۔ یوں لاہور کو جدید شہری سہولیات فراہم کرنے کے متعدد منصوبے فائلوں اور اعلانات تک محدود رہ گئے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ لاہور کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے مختص منصوبوں کو بار بار تبدیل کرنے یا ڈراپ کرنے کے بجائے ان کی تکمیل یقینی بنائی جائے، تاکہ عوامی وسائل کا مؤثر استعمال ہو اور شہر کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دی جا سکے۔



