پبی (میٹروپولیٹن نیوز) تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تحصیل پبی ضلع نوشہرہ، خیبر پختونخوا کی مریم حمید نے عوامی شکایات کے ازالے اور ریونیو امور میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ڈاگ بہسود اور ڈاگ اسماعیل خیل کے پٹوار خانوں کا اچانک معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے رجسٹر انتقال، جمعبندی، فیلڈ بک، روزنامچہ واقعاتی سمیت دیگر لینڈ ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی اور ریکارڈ کی درستگی و دیکھ بھال کا جائزہ لیا۔

مریم حمید نے پٹواریوں کو ہدایت کی کہ روزنامچہ واقعاتی روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے اپڈیٹ رکھا جائے اور ریونیو ریکارڈ میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر نہ کی جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے پٹوار خانوں میں موجود سائلین سے بھی براہِ راست ملاقات کی اور ان کے زیرِ التوا کاموں اور مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے عملے کو واضح ہدایت کی کہ شہریوں کے جائز کاموں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر پبی کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فیلڈ افسران کی ایسی نگرانی سے پٹوار کلچر میں بہتری اور شہریوں کے مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر پٹوار خانے کا ریکارڈ چیک کرتے ہوئے