کمشنر لاہور محمد جہانزیب اعوان کی زیر صدارت پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں رنگ روڈ کی مرمت و بحالی، سولرائزیشن اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور نے اوور اسپیڈنگ کی روک تھام انسدادِ اسموگ اقدامات اور غیر قانونی پیدل کراسنگ کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
گجومتہ ہیڈ آفس میں ہونے والے اجلاس میں چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل اور تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر لاہور محمد جہانزیب اعوان کو لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں مرمت و بحالی اور فیوچر اسکیمز پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ شہر کے گرد شجرکاری کے لیے پی ایچ اے اور رنگ روڈ اتھارٹی کا منظم رابطہ لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا جبکہ سولرائزیشن کے منصوبے توانائی کی بچت کے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔
کمشنر لاہور نے نادرن لوپ پر غیر قانونی پیدل کراسنگ روکنے کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات اوور اسپیڈنگ کے خلاف مؤثر انفورسمنٹ اور اسموگ کے تدارک کے لیے ٹریفک مانیٹرنگ اور گاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

کمشنر لاہور اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے