حارث جلیل نے پنجاب بھر کے افسران کو پیچھے چھوڑ دیاـ ایم پی ٹی میں پہلی پوزیشن اور 4 اعزازات حاصل


لاہور (نمائندہ خصوصی) لوکل گورنمنٹ سروس پنجاب کے ڈپٹی چیف آفیسر حارث جلیل نے پنجاب بھر سے آنے والے افسران پر مشتمل چھ ہفتوں کی لازمی ترقیاتی تربیت (MPT) میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرکے نمایاں اعزاز اپنے نام کرلیا۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسیٰ میں BS-18 سے BS-19 اور BS-19 سے BS-20 کے افسران کے لیے منعقدہ تربیتی پروگرام کے اختتام پر حارث جلیل کو شاندار کارکردگی پر چار مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔حارث جلیل نے مجموعی MPT بیچ میں پہلی پوزیشن، Most Favourite Officer of MPT Award، 100 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن اور Mess Champion Award حاصل کیا۔


چھ ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام میں پنجاب بھر سے لوکل گورنمنٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی، جبکہ پروگرام کے دوران تعلیمی و پیشہ ورانہ سیشنز، فیلڈ وزٹس، گروپ اسائنمنٹس، پریزنٹیشنز اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ارشد بیگ اور ڈائریکٹر پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی سید سالک عظمت نے کامیاب افسران میں اسناد اور اعزازات تقسیم کیے۔ حارث جلیل نے اس موقع پر اکیڈمی انتظامیہ، فیکلٹی، ریسورس پرسنز اور ساتھی افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والے علم اور تجربے کو بہتر گورننس، مؤثر عوامی خدمات اور پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

