پی ایچ اے لاہور کی موسمِ سرما کی پلانٹیشن کی تیاریاں تیز؛ شہر بھر کی نرسریوں میں پنیری لگانے کا باقاعدہ آغاز
لاہور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “سرسبز و شاداب پنجاب” وژن کے تحت ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور نے موسمِ سرما کی پلانٹیشن کے لیے باقاعدہ تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر احمد عثمان جاوید کی زیرِ ہدایت شہر کی نرسریوں، پارکوں، شاہراؤں اور گرین بیلٹس پر موسمِ سرما کے پھولوں کی پنیری لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔مینجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق، ادارے نے شہر کی خوبصورتی کو نکھارنے کے لیے گیندے کی اعلیٰ معیار کی تین اقسام فرنچ بونانزا ،انکا ،اور بگ ٹاپ کے بیج حاصل کر لیے ہیں۔ بیجوں کی یہ تقسیم پی ایچ اے لاہور کےتمام 8 زونز کے ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز میں مکمل کی جا چکی ہے اور تمام زونز میں پنیری کی کاشت شروع ہو گئی ہے۔ایم ڈی پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ نرسریوں میں پنیری کی تیاری کے بعد جیسے ہی موسمِ سرما کی آمد ہوگی، ان پودوں کو شہر بھر کی گرین بیلٹس، پارکوں اور گملوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پی ایچ اے کا بنیادی ہدف لاہور کو ایک سرسبز اور پھولوں کا شہر بنانا ہے، تاکہ آنے والے موسم میں شہر کے تمام پارکس اور شاہراہیں رنگ برنگے پھولوں سے سجی نظر آئیں۔
