لاہور: راوی روڈ میں دکاندار سے مبینہ نوسربازی، ڈسمس پولیس کانسٹیبل گرفتار، ڈی آئی جی آپریشنز کا سخت نوٹس
لاہور (عامر اقبال بٹ) راوی روڈ کے علاقے میں دکاندار سے مبینہ نوسربازی کے الزام میں ڈسمس پولیس کانسٹیبل دانیال کے خلاف پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ڈی ایس پی شفیق آباد کو ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ہدایات ملتے ہی ایس ایچ او راوی روڈ میاں عاصم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث ڈسمس کانسٹیبل دانیال کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار پولیس اہلکار مبینہ طور پر ایزی لوڈ کی دکان پر گیا اور دکاندار سے 15 ہزار روپے حاصل کرنے کے بعد رقم ڈیجیٹل گیمبلنگ میں استعمال کرگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ذرائع کے مطابق گرفتار ڈسمس پولیس کانسٹیبل کا مبینہ طور پر سابقہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جاسکیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمے میں بدعنوانی یا شہریوں کو نقصان پہنچانے والے اہلکاروں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ پولیس کا بنیادی فرض شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہے، نہ کہ ان کے اعتماد کا ناجائز فائدہ اٹھانا۔ محکمہ پولیس کے لیے بدنامی کا باعث بننے والے متعدد اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں بھی عمل میں لائی جاچکی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، پولیس اہلکار بھی قانون کے پابند ہیں اور شہریوں کے ساتھ زیادتی یا دھوکہ دہی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
