Khanewal’s Fahim Akram Faces U.S. Charges; $100,000 Reward Offered for Information Leading to His Arrest
خانیوال کے مبینہ سائبر فراڈ کیس نے امریکی حکام کو بھی متحرک کر دیا، ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان خانیوال سے تعلق رکھنے والے مبینہ سائبر فراڈ کے ملزم فہیم اکرم کے بارے میں اطلاع دینے پر امریکی حکام نے ایک لاکھ امریکی ڈالر انعام مقرر کر دیا ہے۔ امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ شہری خود ملزم کو گرفتار کرنے یا اس کا سامنا کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ اس کے بارے میں قابلِ اعتماد معلومات متعلقہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کریں۔امریکی حکام کے مطابق 33 سالہ فہیم اکرم کے خلاف امریکی ریاست فلوریڈا میں فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے۔ الزام ہے کہ آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ فہیم اکرم نے ایک ویب سائٹ “LabelsBank.com” قائم کی، جہاں امریکی صارفین کو ڈاک ٹکٹ اور شپنگ لیبلز فروخت کیے جاتے تھے۔امریکی تفتیشی حکام کے مطابق مذکورہ ویب سائٹ کے ذریعے مبینہ طور پر 5,200 سے زائد افراد کو 50 لاکھ سے زیادہ جعلی یا غیر مجاز ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے، جس کے نتیجے میں امریکی پوسٹل سروس کو مجموعی طور پر تقریباً 126 ملین ڈالر کا نقصان پہنچنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 35 ارب روپے بنتی ہے۔تحقیقات کے مطابق صارفین کو ایسے ڈاک ٹکٹ فراہم کیے جاتے تھے جن کی قیمت روایتی ڈاک کے مقابلے میں انتہائی کم ہوتی تھی، جبکہ مبینہ طور پر ڈاک کی منزل، وزن اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھے بغیر یہ لیبلز جاری کیے جاتے تھے۔امریکی حکام کی کارروائی کے بعد مذکورہ ویب سائٹ کو بند کرکے اس کا کنٹرول اپنے قبضے میں لے لیا گیا ہے، تاہم فہیم اکرم اس وقت کہاں موجود ہے، اس بارے میں کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔دوسری جانب ڈی پی او خانیوال عابد وڑائچ سے رابطہ کیا گیا تو ان کے مطابق فہیم اکرم خانیوال سٹی کا رہائشی اور سوفٹ ویئر انجینئر ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم اس سے قبل پاکستان میں بھی مبینہ طور پر اسی نوعیت کی آن لائن سرگرمیوں میں ملوث رہا، تاہم اس کے خلاف پاکستان میں کوئی مقدمہ درج نہیں تھا۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات کی بنیاد پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فہیم اکرم اس وقت بیرونِ ملک موجود ہو سکتا ہے۔امریکی حکام کی جانب سے ایک لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان اس معاملے کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس فہیم اکرم کی موجودگی، نقل و حرکت یا دیگر قابلِ اعتماد معلومات موجود ہوں تو وہ خود کارروائی کرنے کے بجائے براہِ راست متعلقہ سیکیورٹی یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں۔
نوٹ: فہیم اکرم کے خلاف عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں، تاہم امریکی حکام کی جانب سے فردِ جرم اور انعام کے اعلان کے بعد معاملہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

