لاہور میں ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزے اور پروٹیکٹر اسٹیکرز بنانے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر سبزہ زار اسکیم کے ای بلاک میں کی گئی، جہاں سے 305 پاکستانی پاسپورٹس برآمد کیے گئے۔
کارروائی کے دوران مختلف ممالک کے جعلی ویزا اسٹیکرز، جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرز اور شہریوں کے 100 شناختی کارڈز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی میں گرفتار ملزم جاوید اقبال سبزہ زار لاہور کا رہائشی ہے۔ ملزم ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے مقدمہ نمبر 551/2020 میں بھی مطلوب تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر عناصر سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔