وزیراعظم کےفیول ریلیف پیکیج کے تحت شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کی بلا تعطل اور شفاف فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہے۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل واہگہ کے مختلف فیول سٹیشنز اور پٹرول پمپس کا تفصیلی دورہ کیا اور سبسڈی کی فراہمی کے عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران اے سی واہگہ ذیشان منظور اور پیرا فورس کے عملے نے ڈی سی لاہور کو فیول سبسڈی میکانزم اور ڈیوٹی روسٹرز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے پٹرول پمپس پر شہریوں کی سہولت کے لیے قائم کردہ پبلک فیسیلی ٹیشن ڈیسکس اور مانیٹرنگ کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فیول پیکیج کا فائدہ بلا تاخیر ہر اہل شہری تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیول سبسڈی کے عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا مصنوعی قلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ لاہور اور پیرا فورس کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ وزیراعظم فیول ریلیف پیکیج کے تمام ثمرات عوام الناس تک مکمل شفاف انداز میں پہنچائے جا سکیں۔


