فیروزوالہ (میٹروپولیٹن نیوز)
سابقہ چیئرمین بلدیہ مریدکے رانا فلور ملز کے مالک شیخ شبیر احمد ایس اے گارڈن کے قریب قاتلانہ حملہ میں جاں بحق
جی ٹی روڈ پر کالا شاہ کاکو پولیس چوکی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سابق چیئرمین بلدیہ مریدکے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ شبیر جاں بحق ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا حملہ اس قدر شدید تھا کہ کار بے قابو ہو کر سڑک کنار کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں شیخ شبیر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔مقتول شیخ شبیر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ انجمن تاجران مریدکے کے صدر بھی تھے اور علاقے کی نمایاں سیاسی و سماجی شخصیت شمار کیے جاتے تھے۔ دن دہاڑے پیش آنے والے اس واقعے کے بعد جی ٹی روڈ اور گردونواح کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔


