ملتان (میٹروپولیٹن نیوز) تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے ویزے کی آڑ میں مبینہ طور پر گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے ایک منظم گینگ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ فلائٹ نمبر PF702 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہونے والے 2 مسافروں کو شکوک و شبہات کی بنیاد پر آف لوڈ کر دیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں محمد وقاص اور نجمہ بی بی شامل ہیں، جن کا تعلق ضلع لودھراں سے ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مسافر اس سے قبل بھی متعدد بار سعودی عرب جا چکے ہیں، تاہم ان کا سابقہ سفری ریکارڈ اور ذرائع آمدن آپس میں مطابقت نہیں رکھتے تھے۔تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مسافر بیرون ملک جانے اور امیگریشن کلیئرنس کے لیے 3 مختلف ایجنٹوں کے رابطے میں تھے۔ ایف آئی اے امیگریشن نے دونوں مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل) ملتان منتقل کر دیا ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملتان ایئرپورٹ پر تمام بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے اور ہر پہلو سے مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ بیرون ملک گداگری کی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

گرفتار ملزمان ایف آئی اے کی تحویل میں