ننکانہ صاحب بابا گورونانک دیو جی کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کے پر امن اختتام پر ضلعی پولیس اور دیگر تمام اضلاع سے آنے والی پولیس فورس کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے تین روزہ تقریبات پر دن رات مسلسل محنت، ہمت اور لگن سے سکھ یاتریوں کے مذہبی تہوار کو پر امن بنایا۔ بابا گورونانک جی کے جنم دن کی تین روزہ تقریبات پر تمام اداروں، تاجر برادری، ضلعی امن کمیٹی، میڈیا نمائندگان اور خصوصی طور پر اہلیان ننکانہ کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ضلعی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ تعاون کو یقینی بنایا۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ارسلان زاہد نے بابا گورونانک دیو جی کے 557 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات کے پر امن اختتام پذیر ہونےپر کیا۔ تفصیلات کے مطابق 22 نومبر سے آغاز ہونیوالی بابا گورونانک جی کے 557 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات ننکانہ صاحب میں پر امن اختتام پذیر ہو گئیں۔ سکھوں کے مذہبی تہوار پر تین ہزار سے زائد پولیس افسران و جوانوں نے سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔ سکھ مذہب کے بانی سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے جنم دن کی تقریبات پر 430 سی سی ٹی وی کیمروں سے کڑی نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔دنیا بھر سے انے والے مہمان سے کہ یاتریوں اور بھارتی سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد پر ڈی پی او ارسلان زاہد اور ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے مہمان یاتریوں کا دیگر افسران کے ہمراہ پرتپاک والہانہ استقبال کیا۔ یاتریوں کو ہار پہنائے گئے اور گل پاشی کی گئی۔ گوردوارہ جنم استھان میں پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا تھا جہاں پر تھانوں کے فرنٹ ڈیسک سٹاف اور ضلعی پولیس کے افسران و جوان تعینات کیے تھے جنہوں نے دن رات اپنی خدمات سر انجام دیں۔ سکھ یاتریوں کے متعدد واقعات میں چوری ہونیوالے اور گمشدہ موبائل، پاسپورٹ تلاش کر کے یاتریوں کے حوالے کیے اس کے علاوہ بہت سے گمشدہ اور لاپتہ بچوں کو تلاش کر کے حقیقی ورثاء کے حوالے کیا گیا۔ نگر کیرتن کے جلوس کے دوران ریجنل پولیس افیسر شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے ڈی پی او ارسلان زاہد کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان اور نگر کیرتن جلوس کے روٹ کا وزٹ کیا۔ آر پی او نے سیکیورٹی ڈیوٹی کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے آر پی او کو سیکیورٹی ڈیوٹی کے متعلق بریفنگ دی۔ آر پی او نے سکھ یاتریوں سے ملاقاتیں کیں اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ بیرون ممالک سے آنے والے سکھ یاتریوں نے آر پی او کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی اور پولیس خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آر پی او سکھ یاتریوں سے گھل مل گئے۔ یاتریوں نے آر پی او کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔ جنم دن کی تقریبات کے پر امن اختتام پر بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کو سیکیورٹی کے سخت حصار میں سچا سودا فاروق آباد کے لیے روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی پولیس کے جوانوں نے مہمان یاتریوں کی خدمت اور مدد کو یقینی بنایا۔ روانگی سے قبل سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب پولیس کی خدمات اور تعاون پر بے حد شکریہ ادا کیا۔ بھارتی سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب میں ملنے والی عزت افزائی پر حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور ننکانہ صاحب پولیس کے بے حد مشکور ہیں۔ ننکانہ پولیس کے افسران و جوانوں نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔ پاکستانیوں سے ملنے والا پیار کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہم جہاں بھی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے گئے ہمیں ہر جگہ سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں بسنے والے تمام یاتریوں کے لیے یہی پیغام ہے کہ وہ بابا گورونانک جی کے جنم استھان میں بلا خوف و خطر تشریف لائیں حکومت پاکستان کی جانب سے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ پاکستان سے بہت سی یادیں لے کر واپس جا رہے ہیں۔ ننکانہ صاحب سے روانگی کے وقت ڈی پی او نے تمام قافلوں کی نگرانی کو یقینی بنایا۔ اس موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ بابا گورونانک جی کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کو پر امن بنانا اہم ذمہ داری تھی۔ ضلعی پولیس نے جنم دن کی تقریبات پر تمام اقدامات کو یقینی بنایا۔ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے یاتری ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ اقلیتوں کے مذہبی تہوار پر سیکیورٹی کو موثر بنانا اہم ذمہ داری ہے۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی پولیس کے افسران و جوان اور دیگر اضلاع سے آنے والی پولیس فورس نے دن رات مسلسل محنت اور لگن سے بابا گورونانک دیو کی جنم دن کی تقریبات پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے۔







