کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس 2026 میں نیویارک پیرس اور نئی دہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور (رپورٹ: عامر اقبال بٹ) پاکستان کے دل لاہور نے عالمی سطح پر اپنی بہتر شناخت منوا لی ہے۔ عالمی ڈیٹا بیس ادارے نمبیو (Numbeo) کی 2026 مڈ ایئر کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس رپورٹ کے مطابق لاہور نے دنیا کے متعدد بڑے شہروں، جن میں نیویارک، پیرس اور نئی دہلی بھی شامل ہیں، کے مقابلے میں بہتر حفاظتی درجہ حاصل کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق لاہور کا سیفٹی انڈیکس 63.8 جبکہ کرائم انڈیکس 36.2 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے شہروں کی درجہ بندی میں اسلام آباد پہلے جبکہ لاہور دوسرے نمبر پر موجود ہے۔یہ درجہ بندی لاہور کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے اور اس سے عالمی سطح پر شہر کے بارے میں تحفظ کے تاثر میں بہتری کی عکاسی ہوتی ہے۔تاہم یہ وضاحت ضروری ہے کہ نمبیو کی کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس رپورٹ شہریوں کے آن لائن سروے، انفرادی آراء اور جرائم و تحفظ سے متعلق عوامی تاثرات کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے۔ یہ سرکاری پولیس ریکارڈ، جرائم کی حقیقی شرح یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مستند اعدادوشمار کا متبادل نہیں ہے۔