
لاہور میں حالیہ بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لاہور نعمان یوسف نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے لکشمی، جین مندر، فیروزپور روڈ اور قرطبہ چوک سمیت مختلف مقامات پر جاری نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا اور واسا حکام کو ہدایت کی کہ مین روڈز کے ساتھ ذیلی سڑکوں اور نشیبی علاقوں پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ بارش رکنے والے علاقوں کو کم سے کم وقت میں کلیئر کیا جا چکا ہے، جبکہ تمام ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ٹیمیں متحرک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران مسلسل نکاسی آب آپریشن سے پانی کی پینڈنسی جلد ختم ہوتی ہے۔ کمشنر لاہور نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب مکمل ہونے کے فوری بعد صفائی آپریشن بھی شروع کیا جائے، جبکہ مزید بارش کی صورت میں بروقت ردعمل کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں۔
