شہدائے ستمبر 1965 کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے لاہور کے تاریخی ٹاؤن ہال میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور شاندار لیزر شو کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ضلعی افسران کے ساتھ ساتھ شہریوں اور بالخصوص جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جدید لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے 1965 کے تاریخی معرکے، معرکہِ ستمبر کے قومی ہیروز کی شجاعت اور ان کی بے مثال قربانیوں کے دلکش مناظر پیش کیے گئے، جس پر حاضرین نے قومی ہیروز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔لیزر شو کے دوران نہ صرف 1965 کی تاریخی فتح کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا، بلکہ پاکستان کے رنگا رنگ کیلیڈو اسکوپک کلچر اور معیشت کی بحالی کے پختہ عزم کی بھی عکاسی کی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق:
اس تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو بیدار کرنا اور اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد کو تازہ رکھنا ہے کیونکہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔


