تجاوزات کے خلاف آپریشن میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کا فیلڈ اسٹاف غیر محفوظ حکومتی رٹ قائم کرنے والے اہلکار خود تحفظ کے منتظر

لاہور (عامراقبال بٹ )میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ ریگولیشن کا فیلڈ اسٹاف شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور حکومتی رٹ قائم رکھنے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مبینہ طور پر شدید عدم تحفظ کا شکار ہوگیا۔ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے دوران عملے کو شہریوں کی جانب سے مزاحمت، بدتمیزی اور مبینہ تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بعض مواقع پر تجاوزات مافیا کی جانب سے سرکاری املاک اور آپریشن میں استعمال ہونے والی سرکاری گاڑیوں و دیگر سامان کو نقصان پہنچانے کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریگولیشن افسران، انسپکٹرز اور دیگر فیلڈ ملازمین روزانہ مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں، تاہم کئی حساس مقامات پر انہیں مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ جب وہ سرکاری احکامات پر عمل درآمد کروانے کے لیے تجاوزات ختم کرنے پہنچتے ہیں تو بعض عناصر سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ ساتھ عملے کو دھمکانے اور تشدد کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔فیلڈ اسٹاف نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے کے ساتھ پولیس نفری تعینات کی جائے تاکہ سرکاری اہلکار بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں اور حکومتی رٹ کو مؤثر انداز میں قائم رکھا جا سکے۔ملازمین کا کہنا ہے کہ ہم کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ریاستی احکامات پر عمل درآمد کروانے کے لیے فیلڈ میں جاتے ہیں، لیکن اگر دورانِ کارروائی کوئی شخص ہم پر تشدد کرے اور ہم اپنی جان بچانے کے لیے مزاحمت کریں تو بعد ازاں معاملہ الٹا ہمارے خلاف بنا دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں فیلڈ اسٹاف نہ صرف جسمانی خطرات سے دوچار ہوتا ہے بلکہ قانونی کارروائی کا خوف بھی اس کے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ بنتا ہے۔ ملازمین نے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو محض میٹروپولیٹن کارپوریشن کے فیلڈ اسٹاف تک محدود رکھنے کے بجائے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے، تاکہ سرکاری اہلکاروں پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔فیلڈ اسٹاف کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اپنے اداروں کے اہلکاروں کو تحفظ فراہم نہیں کرے گی تو تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیوں میں نہ صرف ملازمین کی جانیں خطرے میں رہیں گی بلکہ شہر میں حکومتی رٹ کے قیام کا عمل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
