کینال بینک روڈ سے گجومتہ تک اربن ریجنریشن کے تحت ترقیاتی کام ہوں گے، تجاوزات کا خاتمہ، فٹ پاتھ، پارکنگ، فساڈ اپ گریڈیشن اور سیٹنگ ایریاز منصوبے کا حصہ


لاہور، 3 ستمبر 2026: ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی زیر صدارت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فیروز پور روڈ کی اپ گریڈیشن کے مجوزہ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے فیروز پور روڈ کے مجوزہ اپ گریڈیشن پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل ڈی اے فیروز پور روڈ پر تقریباً 15 کلومیٹر سڑک کے دونوں اطراف اپ گریڈیشن کا کام کرے گا۔کینال بینک روڈ سے گجومتہ تک فیروز پور روڈ کو اربن ریجنریشن کے تحت اپ گریڈ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت سڑک کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ، فٹ پاتھ کی تعمیر اور یکساں طرز کی ڈویلپمنٹ کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیروز پور روڈ پر ہسپتال کے سامنے تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ڈراپ لین بھی تعمیر کی جائے گی، جبکہ غیر ضروری سائن ایج ختم کرکے سڑک کے فساڈ کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ شہریوں کے لیے پارکنگ کی جگہیں اور دیگر سہولیات بھی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیروز پور روڈ پر فلائی اوورز کے نیچے موجود جگہوں کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے سیٹنگ ایریاز ڈویلپ کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں عبدالستار ایدھی انڈرپاس کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت خوبصورت بنانے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ریلوے اسٹیشن اور مصری شاہ کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں، گلبرگ سکیم میں جاری سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے منصوبوں اور چوک ناخدا پر مجوزہ انڈرپاس کی پیش رفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شادباغ کے علاقے میں اکبر روڈ، چوک ناخدا پر انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا۔ دو رویہ اور دو لین پر مشتمل مجوزہ انڈرپاس سے روزانہ ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔اجلاس میں سٹرکچر پلان روڈز پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، منصوبوں کی تکمیل میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی اور انجینئرنگ ونگ کے ڈائریکٹرز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔


