ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیرِ صدارت اجلاس ٹاؤن پلاننگ ونگ میں ڈیجیٹل ریفارمز اور نیا انسپکشن سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ





لاہور(عامر اقبال بٹ) ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی زیرِ صدارت ایل ڈی اے ڈیجیٹل ریفارمز کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹاؤن پلاننگ ونگ میں ڈیجیٹل اصلاحات اور انسپکشن رجیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ ٹاؤن پلاننگ ونگ کا تمام تر ڈیٹا مانیٹرنگ ڈیش بورڈ پر فوری اپ ڈیٹ کیا جائے اور ٹاؤن پلاننگ کی انسپکشن و فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق ایس او پیز کو جلد از جلد نافذ کیا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام اور جرمانوں کی ریکوری کے لیے مؤثر ڈیجیٹل میکانزم مرتب کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں شکوک و شبہات اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ فیلڈ میں انسپکشن اور سیلنگ آپریشن کے لیے جانے والی ٹیمیں کیو آر کوڈ پر مبنی شناختی کارڈ لازمی آویزاں کریں گی، جبکہ ایل ڈی اے کا نام استعمال کرنے والے جعلی یا پرائیویٹ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے چیف آئی ٹی آفیسر کو غیر قانونی کمرشل املاک کی ڈیجیٹل میپنگ کا مانیٹرنگ ڈیش بورڈ فوری اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ٹاؤن پلاننگ اور ہاؤسنگ کے افسران فیلڈ ٹیموں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔اس اہم اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ، چیف آئی ٹی آفیسر، چیف ٹاؤن پلانر ون، چیف ٹاؤن پلانر ٹو، چیف میٹرو پولیٹن پلانر، ڈائریکٹر فنانس اور ڈائریکٹر ریونیو نے شرکت کی۔
