محمد اعجاز بٹ اور مشہود حسین شیرازی کا صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کے ساتھ گروپ فوٹو

لاہور(سپورٹس رپورٹر )لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد بیرونِ ملک نجی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے اور اپنے دفتر میں دوبارہ ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ دفتر آمد کے بعد انہوں نے لاہور ریجن میں جاری کرکٹ سرگرمیوں، انتظامی امور اور مختلف پروگرامز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
اس موقع پر راوی زون کے صدر محمد اعجاز بٹ، ماڈل ٹاؤن زون کے صدر ملک عمران بچہ اور کینٹ زون کے صدر مشہود حسین شیرازی نے صدر لاہور ریجن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ تینوں زونل صدور نے اپنے اپنے زونز میں جاری کلب کرکٹ ٹورنامنٹس، میچز کے انعقاد اور دیگر کرکٹ سرگرمیوں کے حوالے سے خواجہ ندیم احمد کو تفصیلی بریفنگ دی۔منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین نے بھی صدر لاہور ریجن کو ریجن میں جاری تمام کرکٹ سرگرمیوں، انتظامی امور، ٹورنامنٹس اور آئندہ کے شیڈول کے حوالے سے جامع بریفنگ فراہم کی۔ خواجہ ندیم احمد نے ریجن میں جاری کرکٹ سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام پروگرامز کو میرٹ، شفافیت اور بہترین انتظامی نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ میں لاہور ریجن بلوز اور لاہور ریجن وائٹس کی کارکردگی کے حوالے سے بھی صدر لاہور ریجن نے ٹیم منیجرز سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کی کارکردگی، کھلاڑیوں کی پیش رفت اور ٹورنامنٹ میں جاری مقابلوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور لاہور ریجن کی ٹیموں کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس کے دوران لاہور ریجن میں جاری سکول کرکٹ پروگرام اور آئندہ کے شیڈول کے حوالے سے بھی خواجہ ندیم احمد کو مکمل تفصیلات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول کرکٹ کسی بھی ملک میں کرکٹ کے فروغ اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش کا بنیادی ذریعہ ہے، اس لیے لاہور ریجن میں سکول کرکٹ پروگرام کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔خواجہ ندیم احمد نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی کی جانب سے سکول کرکٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی سرگرمیوں میں نئی روح پیدا ہوئی ہے۔ سکولوں کی سطح پر منظم کرکٹ مقابلوں کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرے گا اور مستقبل کے باصلاحیت کرکٹرز کی تلاش میں اہم کردار ادا کرے گا۔صدر لاہور ریجن نے انڈر 19 کرکٹ میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کے لیے کنٹریکٹس متعارف کرانے کے چیئرمین پی سی بی کے اقدام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اس سطح پر کنٹریکٹس فراہم کرنے سے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ انہیں اپنی کرکٹ پر مکمل توجہ مرکوز کرنے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کی نمائندگی کے لیے مزید محنت کرنے کا بھی حوصلہ ملے گا۔خواجہ ندیم احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن گراس روٹ سے لے کر اعلیٰ سطح تک کرکٹ کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کلب، زونل، سکول اور انڈر 19 کرکٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔۔۔