لاہور (میٹروپولیٹن نیوز) ریس کورس پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران اشتہاری ملزم کو فرار کروانے والے ہوٹل منیجر کو گرفتار کر لیا، جبکہ ریڈ کے دوران ہوٹل کے کمرے سے غیر اخلاقی حرکات میں ملوث پولیس اہلکار کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار اہلکار تھانہ ریس کورس میں بطور سب انسپکٹر تعینات ہے۔ ملزم پولیس اہلکار کے خلاف پولیس آرڈر کی دفعہ 155-C کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ اشتہاری کو پناہ دینے اور فرار کروانے کی پاداش میں ہوٹل منیجر کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے اس موقع پر واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں کڑا احتساب کا نظام قائم ہے اور قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والا چاہے پولیس اہلکار ہو یا عام شہری، تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

