ابتسام اظہر مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر )لاہور ریجن بلوز نے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی ریجن وائٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اشفاق کرکٹ گراؤنڈ چارسدہ میں کھیلے گئے تین روزہ میچ میں لاہور بلوز کے بولرز اور بیٹرز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو ایک یادگار کامیابی دلائی۔کراچی ریجن وائٹس نے پہلی اننگز میں 131 رنز بنائے۔ لاہور ریجن بلوز کی جانب سے رانا نوفل نے 4، ابتسام اظہر نے 3 جبکہ نقیب اللہ نے 2 وکٹیں حاصل کرکے کراچی کی بیٹنگ لائن کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
جواب میں لاہور ریجن بلوز نے مقررہ 70 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 168 رنز کی نمایاں برتری حاصل کی۔ لاہور بلوز کی اننگز میں نقیب اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری اننگز میں کراچی ریجن وائٹس کی ٹیم لاہور بلوز کے باؤلرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکی اور 205 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ لاہور بلوز کے آف اسپن باؤلر ابتسام اظہر نے دوسری اننگز میں تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلی اننگز کی 3 وکٹوں سمیت ابتسام اظہر نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ نقیب اللہ نے دوسری اننگز میں بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور ریجن بلوز کو کامیابی کے لیے 38 رنز کا ہدف ملا، جو ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرکے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے ابتسام اظہر کو صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کی جانب سے مین آف دی میچ کا کیش پرائز دیا گیا، جبکہ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مؤثر آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والے نقیب اللہ کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعام دیا گیا۔۔۔۔