لیڈی پولیس انسپکٹر شوہر کے ساتھ رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار
لاہور (میٹروپولیٹن نیوز) اینٹی کرپشن لاہور ریجن “A” نے ایک کامیاب ٹریپ ریڈ کے دوران لیڈی پولیس انسپکٹر دانیش احمد اور ان کے شوہر نعیم غفور کو رشوت لیتے ہوئے موقع پر گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق مدعی مقدمہ عمر دراز نے اینٹی کرپشن لاہور میں درخواست دائر کی کہ لیڈی انسپکٹر دانیش احمد اور ان کے شوہر نعیم غفور نے تھانہ غازی آباد لاہور میں درج مقدمہ (FIR 1859/26) کی تفتیش میں ریلیف دینے کے عوض رشوت کا مطالبہ کیا۔ مدعی کے مطابق ملزمان اس سے قبل 3,27,000 روپے وصول کر چکے تھے اور اب مزید 40,000 روپے رشوت کا مطالبہ کر رہے تھے۔مدعی کی جانب سے رشوت دینے سے انکار پر اینٹی کرپشن لاہور A کے سرکل آفیسر (CO) نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی زیرِ نگرانی ٹریپ ریڈ کی منصوبہ بندی کی۔ کارروائی کے دوران ملزم نعیم غفور (لیڈی انسپکٹر کا شوہر) سے 15,000 روپے کے نشان زدہ برآمد کر لیے گئے۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں لیڈی انسپکٹر دانیش احمد اور ان کے شوہر نعیم غفور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن تھانے میں مقدمہ نمبر 55/26 بجرم 161، 162 PPC اور 5(2)47 PCA کے تحت درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔