غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی

لاہور: میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ پلاننگ نے ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایات پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے داتا گنج بخش زون میں 6 غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا۔میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن کی نگرانی میں شعبہ پلاننگ کے اسکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے 3 غیر قانونی تعمیرات کو جزوی طور پر مسمار جبکہ 3 تعمیرات کو سربمہر کر دیا۔کارروائی کے دوران اسلام پورہ، آؤٹ فال روڈ، گندا نالہ، ہال روڈ، لنک جیل روڈ اور عالمگیر روڈ کے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن کیا گیا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور حکام کے مطابق شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

غیر قانونی تعمیرات کو سربمہر کیا جارہا ہے