لاہور(میٹروپولیٹن نیوز)
ڈی جی اینٹی کرپشن اور سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ آج ایک بار پھر لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ انہیں اینٹی کرپشن کے تفتیشی طریقۂ کار سے متعلق زیرِ سماعت کیس میں عدالت کی جانب سے طلب کیا گیا تھا۔
عدالت سے باہر نکلنے پر میڈیا کے نمائندوں نے ان سے سوال کیا کہ “اینٹی کرپشن کے چھاپوں کے باعث پٹواریوں نے مبینہ طور پر کام کرنا چھوڑ دیا ہے، ایسے میں عوام کیا کریں؟”
اس سوال کے جواب میں سہیل ظفر چٹھہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا:
جو پٹواری اپنا سرکاری کام نہیں کر رہا وہ سراسر غلط کر رہا ہے۔
شہری بالکل پریشان نہ ہوں اگر کوئی پٹواری کام کرنے سے گریز کرے یا رشوت مانگے تو فوری طور پر متعلقہ افسران کو شکایت کریں باقی تمام کارروائی میں خود دیکھ لوں گا
ان کے بیان کا واضح مقصد یہ ہے کہ عوامی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے اور سرکاری امور میں غفلت یا رشوت ستانی کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر بھی سہیل ظفر چٹھہ نے اس بات کا برملا اظہار کیا تھا کہ پنجاب بھر میں کرپشن میں نمایاں کمی آئی ہے اور اب رشوت لینے اور دینے والوں کے دلوں میں قانون کا خوف پیدا ہو چکا ہے۔ انہوں نے اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف رشوت کے معاملے میں کی گئی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ ایسے سخت اقدامات سے تمام سرکاری اہلکار عبرت حاصل کریں گے