
لاہور ( عامراقبال بٹ) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے روایتی پولیسنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے فیس بک پر پہلی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے 10 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔45 منٹ تک جاری رہنے والی اس آن لائن کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل، شکایات اور آراء براہِ راست ڈی آئی جی آپریشنز کے سامنے رکھیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فیس بک پر پیغامات کے ذریعے رابطہ کرنے والے متعدد شہریوں کو خود فون کر کے ان کے مسائل سنے اور لاہور سے متعلق تمام شکایات نوٹ کر کے متعلقہ افسران کو ترجیحی بنیادوں پر حل اور فیڈ بیک دینے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی ان کی دہلیز تک رسائی اور شکایات کا بروقت ازالہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شکایت کے حل تک فالو اَپ کا مؤثر میکانزم تشکیل دیا جا رہا ہے اور عوامی نشاندہی پر بلا تاخیر ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے آنکھیں اور کان بنیں اور پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور منشیات جیسی معاشرتی برائیوں کے تدارک کے لیے پولیس کو بروقت اطلاع دیں۔ منشیات کے خلاف اطلاع دینے والوں کا نام اور شناخت مکمل صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔ انہوں نے مساج سنٹرز کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا اعادہ کیا۔مالی فراڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے شہریوں کو جعلساز ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پراپرٹی کی خریداری سے قبل ایل ڈی اے سے منظوری کی تصدیق کی جائے اور تمام لین دین ہمیشہ تحریری معاہدے کے تحت کیا جائے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کو آسان اور مؤثر بنانے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز دفتر میں ہفتے کے 6 روز روایتی کچہری جبکہ ہر اتوار کو آن لائن کھلی کچہری انعقاد پذیر کی جائے گی۔ شہریوں نے براہِ راست رسائی اور فوری اقدام کے اس جدید طرزِ عمل کو شدید سراہا ہے۔

