لاہور (عامراقبال بٹ سے) تفصیلات کے مطابق مشہورِ کامیڈین آرٹسٹ طارق ٹیڈی کو ہم  بچھڑے چار برس بیت گئے، مگر صفا اور مروہ آج بھی باپ کے حقِ میراث کی منتظر
مشہور سٹیج اداکار اور کامیڈین طارق ٹیڈی کو دنیا سے رخصت ہوئے چار برس بیت چکے ہیں، وہ فن کی دنیا میں اپنی بے مثال مزاحیہ اداکاری سے لاکھوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے، مگر ان کے جانے کے بعد ان کی بیوہ اور بیٹیاں ایک ایسے امتحان سے گزر رہی ہیں جس کا درد شاید الفاظ میں بیان کرنا بھی ممکن نہیں۔مرحوم طارق ٹیڈی کی دوسری اہلیہ اسما اور بیٹیاں صفا اور مروہ آج بھی اپنے قانونی و شرعی حقِ میراث کے حصول کے لیے عدالتوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔اسما کا دعویٰ ہے کہ طارق ٹیڈی کی پہلی اہلیہ سے بڑے بیٹے نے مرحوم کے جائیداد اور مالی اثاثوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور دوسری بیوی سمیت اپنی سگی بہنوں کو بھی ان کے حقِ میراث سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کا حتمی تعین متعلقہ عدالت اور قانونی کارروائی کے ذریعے ہی ہو سکتا ہے۔ایک ماں کے لیے اس سے بڑا دکھ اور کیا ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کے ہاتھ تھامے برسوں سے انصاف کے دروازے پر کھڑی ہو اور ہر گزرتا دن اس انتظار کو مزید طویل کرتا جائے۔صفا اور مروہ آج اپنے والد کو واپس نہیں مانگ رہیں، وہ صرف وہ حق مانگ رہی ہیں جو قانون اور شریعت کے مطابق ان کا بنتا ہے۔
بیوہ اسما کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو قانونی حقائق کی جانچ اور میراث کے معاملے کو قانون کے مطابق حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کریں، تاکہ طارق ٹیڈی کی بیٹیوں کو اپنے حق کے حصول کے لیے مزید دربدر نہ ہونا پڑے۔طارق ٹیڈی نے زندگی بھر لوگوں کو ہنسایا، آج ان کی بیٹیوں کی آنکھوں میں آنسو ہیں۔۔۔ سوال صرف اتنا ہے کہ کیا ان آنسوؤں کو بھی کبھی انصاف ملے گا؟