ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورۂ پشاور طلبہ اور فیکلٹی ممبران سے خصوصی نشست ملکی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو
پشاور (میٹروپولیٹن نیوز) خیبرپختونخوا میں امن و استحکام، قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کے ساتھ رابطوں کے فروغ کے سلسلے میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبے کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات اور سینئر فیکلٹی ممبران کے ساتھ خصوصی نشست کی۔
جامعات پہنچنے پر شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ طلبہ کی جانب سے انہیں روایتی پختون پگڑی اور چادر بھی پہنائی گئی۔ نشست کے دوران ملکی سیکیورٹی صورتحال، علاقائی چیلنجز اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔ پختون قوم اور خیبرپختونخوا پولیس نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جن کا پورا ملک معترف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا پاک فوج پر اعتماد اور وطن کی سلامتی کے لیے ان کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ دشمن قوتوں اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو باہمی اتحاد، قومی یکجہتی اور قانون کی بالادستی کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔نشست کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور دفاعِ وطن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر طلبہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم نشست کے ذریعے انہیں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے پس منظر اور اس کے بیان کردہ مثبت اثرات کو سمجھنے کا موقع ملا۔ ایک طالب علم کے مطابق نشست سے سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے کردار کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں اور انہیں اپنی افواج پر فخر ہے۔طلبہ نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے کردار پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ بھی ادا کیا۔




