بلدیاتی اصلاحات ڈیجیٹلائزیشن  اور مالیاتی نظام میں شفافیت برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی سیکرٹری بلدیات پنجاب سے ملاقات لاہور( میٹروپولیٹن نیوز ) تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں بلدیاتی اصلاحات، ڈیجیٹلائز یشن مالیاتی نظم و نسق اور عوامی سہولیات میں بہتری کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نیشنل گورننس پروگرام کے تحت بلدیاتی اداروں کے مالیاتی نظام کو مزید مضبوط اور شفاف بنانے کے لیے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے برطانوی وفد کو محکمہ بلدیات میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی بجٹ، اکاؤنٹنگ اور پے رول سسٹمز کو آن لائن کر دیا گیا ہے، جبکہ مالیاتی لین دین کا ریکارڈ بھی ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے تاکہ بلدیاتی فنڈز کی نگرانی اور مالیاتی امور میں شفافیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل کی سطح پر بھی شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ پیدائش، وفات اور شادی کی رجسٹریشن کا نظام ڈیجیٹل اور آسان بنا دیا گیا ہے، جبکہ شہری پاک آئی ڈی (Pak-ID) ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے ان اہم واقعات کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے برطانوی وفد کو چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ اور یونین کونسلز میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے پیدائش اور وفات کی رجسٹریشن سات سال تک مفت کر دی گئی ہے۔برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی قیادت ہیڈ آف گورننس ڈاکٹر ڈومینک روہن پیریرا اور سینئر گورننس ایڈوائزر میری کیٹ تھامسن نے کی۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ارشد بیگ، سپیشل سیکرٹری سپیشل انیشیٹوز موسیٰ رضا اور ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ سمیت محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران اور برطانوی وفد کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔