لاہور ریلویز پولیس کی بڑی کارروائی لاکھوں روپے مالیت کا 7 ٹن ریلوے میٹریل اور 9 الیکٹرک پول برآمد دو کباڑیے گرفتار انسپکٹر جنرل پاکستان ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کی ہدایات کی روشنی میں ریلویز پولیس نے ریلوے میٹریل چوری اور خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا 7 ٹن ریلوے لائن میٹریل اور 36 فٹ لمبائی کے 9 عدد ریلوے الیکٹرک پول برآمد کر لیے۔ریلویز پولیس نے یہ کارروائی اسپیشل برانچ کے نمائندہ راشد ذوالفقار کو ملنے والی خفیہ اطلاع کی روشنی میں ریلوے اسٹیشن عبدالحکیم کے قریب عمل میں لائی۔اطلاع ملنے پر ریلویز پولیس کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ایک ٹرک میں بڑی مقدار میں چوری شدہ ریلوے میٹریل لوڈ کرنے والے جمشید کباڑیے اور مدثر کباڑیے کو گرفتار کر لیا، جبکہ چوری شدہ ریلوے میٹریل کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ریلویز پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس خانیوال میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے مذکورہ ریلوے میٹریل ریلوے گینگ مین سونی دولتانہ سے خریدا تھا۔ آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے کہا ہے کہ ریلوے میٹریل چوری کرنے والے منظم گینگز، گروپس اور مافیاز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے حالیہ کرائم میٹنگ کے دوران ریلویز پولیس افسران کو واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ ریلوے میٹریل کی چوری، خرید و فروخت اور اس میں ملوث منظم عناصر، گروپس اور گینگز کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائیں گی۔آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے مزید کہا کہ چوری شدہ ریلوے میٹریل کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز اور منظم گروہوں کے خلاف آنے والے دنوں میں مزید بڑی کارروائیاں کی جائیں گی، جس کے لیے ریلویز پولیس مکمل طور پر تیار ہے۔