لاہور (میٹروپولیٹن نیوز ) تفصیلات کے مطابق ڈی سی و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کی خصوصی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلہ میں ایم او ریگولیشن جواد الحسن گوندل کی زیرِ نگرانی شالیمار زون کے مختلف گنجان علاقوں میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑا گرینڈ آپریشن کیا گیا۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن انچارج شالیمار زون ریگولیشن شہزاد رسول نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیا جس کے دوران شیر شاہ روڈ، بوگیوال روڈ، دروغہ والا ، سلطان محمود روڈ اور رنگ روڈ ہربنس پورہ پر قائم عارضی و مستقل تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔
کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سامان رکھ کر آمدورفت میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے بھاری سامان قبضہ میں لے کر کارپوریشن کے ایم سی ایل سٹور میں جمع کروا دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور عوام کی سہولت کے لیے تجاوزات کے خلاف یہ بلاامتیاز آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گے۔





