لاہور:(عامراقبال بٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سلائی مشین صرف ایک مشین نہیں بلکہ خواتین کے لیے باعزت روزگار، خودمختاری اور اپنے خاندان کا سہارا بننے کا ذریعہ ہے۔خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب، مزدور، کسان اور عام آدمی کے حقوق کی آواز بن کر میدان میں کھڑی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہنر، روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنایا جا سکتا ہے، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی خواتین اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی اور پاکستانی خواتین کے لیے سیاست اور عوامی خدمت کے میدان میں روشن مثال قائم کی۔

گورنر پنجاب خطاب کرتے ہوئے

گورنر پنجاب نے کہا کہ عوامی خدمت اور فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، بالخصوص غریب اور مستحق خاندانوں کی معاونت اور خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب کے اختتام پر مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر سردار فیضان حیدر خان، ملک امانت خان راول، سردار احسن خان ملال اور سردار محمد علی خان سمیت عمائدین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اہل علاقہ نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اس اقدام کو سراہا۔

گورنر پنجاب مستحقین میں سلائی مشین دیتے ہوئے