لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناخت اور فرضی امریکی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے ایک مسافر کو دھر لیا۔ ملزم پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

مسافر پی آئی اے کی پرواز نمبر PK-797 کے ذریعے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو روانہ ہو رہا تھا۔ملزم نے امریکی پاسپورٹ پر اپنا نام عابد علی ظاہر کر رکھا تھا امیگریشن کلیئرنس کے دوران ڈیوٹی پر مامور عملے کو مسافر کی حرکات اور کوائف پر شک گزرا، جس پر اس کے پاسپورٹ کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی۔ تفتيش کے دوران انکشاف ہوا کہ امریکی پاسپورٹ پر لگائی گئی 22 مئی 2026 کی آمد (Arrival) کی مہر بالکل جعلی ہے امیگریشن کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس اصل امریکی پاسپورٹ کا ہولڈر اس سے قبل ہی 23 مارچ 2026 کو پاکستان سے بیرون ملک روانہ ہو چکا ہے۔گرفتار ہونے والا شخص دورانِ تفتیش اپنی اصلی شناخت اور دستاویزات کے بارے میں حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ امیگریشن حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔ بعد ازاں مزید قانونی کارروائی اور گہری تفتیش کے لیے ملزم کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) لاہور کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے ملنے والے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کے بارے میں مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔
