پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مطابق ملتان میں یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے والا ملزم توقیر نذیر پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
سی سی ڈی کے مطابق توقیر نذیر نے گزشتہ روز ملتان میں یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچل دیا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
محکمہ کرائم کنٹرول کے مطابق ملزم پولیس ریمانڈ پر تھا تاہم وہ پولیس حراست سے فرار ہوگیا تھا۔
’’ نجی نیوز چینل اے آر وائی‘‘ کی خبر کے مطابق بعد ازاں ناردرن بائی پاس پر پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ اس دوران ملزم توقیر نذیر مارا گیا۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم توقیر نذیر کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔
ابتدائی بیان میں ملزم توقیر نذیر نے دعویٰ کیا تھا کہ وسیم عباس اس کے پاس الیکٹریشن کا کام سیکھ رہا تھا، لیکن وہ اکثر کام سے بھاگ جاتا تھا۔ ملزم کے مطابق بچے کو روکنے کے لیے گاڑی میں اس کے پیچھے گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق توقیر نذیر اور اس کا ساتھی امجد تقریباً ایک کلومیٹر تک گاڑی میں وسیم کا تعاقب کرتے رہے اور اسے دیکھتے ہی گاڑی تلے کچل دیا، جس سے بچے کی موت ہوگئی۔
واقعے کے دوسرے ملزم امجد کی گرفتاری کے لیے پولیس فیصل آباد میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے
Disclaimer: This content is shared strictly for informational and awareness purposes, based solely on publicly available reports and media sources.

