لاہور ( میٹروپولیٹن نیوز) تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور نعمان یوسف نے سہ فریقی کرکٹ سیریز کے انتظامی، میونسپل اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے قذافی اسٹیڈیم کے بیرونی حصے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز، چیف ٹریفک آفیسر عبدالرحیم شیرازی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران کمشنر لاہور کو اسٹیڈیم کے داخلی راستوں، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، شائقین کے لیے قطاروں کے نظام اور گاڑیوں کی آمدورفت سے متعلق انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے سکیورٹی کے مختلف اقدامات اور حفاظتی انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔کمشنر لاہور نعمان یوسف نے کہا کہ لاہور میں سہ فریقی کرکٹ سیریز کے چار ون ڈے میچز 25 سے 31 اکتوبر 2026 کے دوران منعقد ہوں گے، جن میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا اہم ایونٹ ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شائقینِ کرکٹ کے لیے پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے جائیں، ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے اور سکیورٹی پروٹوکولز اور ایس او پیز کے مطابق تمام انتظامی اقدامات حتمی شکل دیے جائیں۔کمشنر لاہور کے مطابق سیف سٹی سمیت خصوصی کیمروں کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے کنٹرول رومز قائم کرکے صورتحال کی براہِ راست مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔ تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز بھی کنٹرول رومز میں موجود رہیں گے۔انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کے اطراف صفائی کے لیے ورکرز ہمہ وقت تعینات رہیں، جبکہ شائقین کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی تعیناتی بھی کی جائے۔کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پاکستان کرکٹ بورڈ مکمل رابطے میں ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ ایونٹ کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔



