لاہور ( میٹروپولیٹن نیوز ) تفصیلات کے مطابق لاہور میں شہری سہولیات کی بہتری اور میونسپل مسائل کے فوری ازالے کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام کا آغاز کر دیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کے جدید کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے چیف سیکرٹری پنجاب کو نگران ایپ کے ذریعے شہر میں میونسپل مسائل کی لائیو مانیٹرنگ اور ان کے بروقت حل کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔نگران ایپ کے ذریعے شہر میں 9 مختلف نوعیت کے میونسپل مسائل کی نشاندہی، نگرانی اور فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔ جدید جی آئی ایس میپنگ اور ڈیش بورڈ کے ذریعے کھلے مین ہولز، خراب اسٹریٹ لائٹس، سیوریج کے مسائل، کوڑے کے ڈھیروں، تجاوزات، ٹوٹی سڑکوں اور دیگر شہری مسائل کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔فیلڈ ٹیمیں لائیو لوکیشن کے ذریعے نشاندہی کیے گئے مسائل تک فوری رسائی حاصل کرکے ان کے ازالے کی کارروائی کریں گی۔ شہری شکایات کو مقررہ مدت کے اندر حل کرنے اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔جدید کنٹرول روم اور نگران ایپ کے ذریعے انتظامی نگرانی، فیلڈ آپریشنز اور شہری شکایات کے ازالے کے عمل کو ایک مربوط ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے لاہور میں میونسپل سروسز کی کارکردگی اور عوامی سہولیات میں مزید بہتری کی توقع ہے۔