لاہور : پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے ہراسانی کے تمام مبینہ ثبوت سوشل میڈیا پر عام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ وہ پہلے دن سے ثاقب چدھڑ کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں تاکہ وہ اپنے اثر و رسوخ اور سرکاری وسائل کو ان کے خلاف استعمال نہ کر سکیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ لیگی رہنما اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ان کے گھر پر مبینہ طور پر لوگوں کو بھیج کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔مومنہ اقبال نے جاری تحقیقات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نامزد ایم پی اے اور ان کی اہلیہ سے تسلی بخش چھان بین نہیں کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں اور اگر انصاف نہ ملا تو تمام ثبوت عوام کے سامنے رکھ دیں گی تاکہ سچائی سب کے سامنے آ سکے۔

